سڈنی واقعہ،ساجد اکرم بھارتی نکلا،انڈین میڈیا نے اعتراف کر لیا

نئی دہلی (اے بی این نیوز    ) بھارتی میڈیا نے سڈنی میں پیش آنے والے حالیہ حملے سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے حملہ آور ساجد اکرم کے بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر مزید توجہ حاصل کر رہا ہے۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق ساجد اکرم 1998 میں بھارت سے آسٹریلیا منتقل ہوا تھا۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ اپنے بیٹے کی پیدائش کے موقع پر اسے آسٹریلوی شہریت حاصل ہوئی، جس کے بعد وہ مستقل طور پر وہیں مقیم رہا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 27 برسوں کے دوران وہ کم از کم تین مرتبہ بھارت کا سفر بھی کر چکا تھا۔

بھارتی میڈیا نے یہ بھی بتایا ہے کہ واقعے کے بعد آسٹریلوی حکام نے حملہ آور کے پس منظر، سفری ریکارڈ اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے بھارتی حکام سے باضابطہ رابطہ کیا ہے، تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

سڈنی حملے سے متعلق تفتیش تاحال جاری ہے اور آسٹریلوی حکام کی جانب سے مزید حقائق اور سرکاری بیان سامنے آنا باقی ہیں۔ سیکیورٹی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی ساحل پر پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور سمیت 16 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے نے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *