کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 25 جنوری2026ء) پاکستان سے غیر قانونی طریقے سے اٹلی جانے والے 76 لاپتہ پاکستانیوں کا پتہ لگا لیا گیا جو لیبیا کے حراستی مراکز میں زیرحراست ہیں۔ اس ضمن قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیراور پاکستان پیپلز پارٹی کوہاٹ ڈویژن کے صدر ساجد حسین طوری نے بتایا کہ76 لاپتہ پاکستانی لیبیا کے شہر تریپولی کے حراستی مرکز تاجور ہ میں زیر حراست ہیں جن کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ساجد حسین طوری کے مطابق لیبیا حکام نے زیرحراست افراد کی فہرست جاری کردی ہے جن کا تعلق پاکستان کے شہروںپشاور،شیخوپورہ، گجرات،گوجرانوالہ ‘حافظ آباد ‘سیالکوٹ ‘منڈی بہاؤالدین‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ صوابی ‘قبائلی اضلاع کرم اور خیبراور دیگر علاقوںسے ہے۔
جاری فہرست کے مطابق زیرحراست افراد میں سب سے زیادہ قبائلی ضلع کرم کے 14 ‘ گوجرانوالہ کی10 ‘ شیخوپورہ کے 7‘آزاد کشمیر اورگجرات کی4‘4 ‘ راولپنڈی اور منڈی بہاؤالدین کی5 ‘5‘پشاور‘صوابی ‘ خیبر‘سرگودھا ‘سیالکوٹ اورحافظ آباد کے 3 ‘3 اورفیصل آبا دکے 2 افراد جبکہ مردان‘ ہری پور‘ ننکانہ صاحب ‘ چنیوٹ‘جہلم‘ ناروال اورکراچی کا ایک ایک رہائشی شامل ہے۔یادرہے کہ ساجد حسین طوری کی کوششوں کے نتیجے میں لیبیا کی مختلف جیلوں میں قیدتقریباً 100پاکستانی شہری بشمول قبائلی ضلع کرم کے نوجوان رہا ہوکر ایک ماہ قبل دسمبر 2025 میں وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔