وزیرِاعلیٰ سندھ کے بیٹے کی شادی پر مبینہ طور پر غیر معمولی اخراجات پر سوشل میڈیا پر تنقید

کراچی (اوصاف نیوز)ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، ایسے میں سوشل میڈیا پر وزیرِاعلیٰ سندھ کے بیٹے کی شادی سے متعلق مبینہ طور پر غیر معمولی اخراجات اور “ڈالر لٹانے” کی تیاریوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ جب لاکھوں شہری بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، تو حکومتی شخصیات کی جانب سے بے جا شان و شوکت کا تاثر عوامی غصے میں اضافہ کر رہا ہے۔ عوامی ردعمل میں یہ سوال بھی اُٹھایا جا رہا ہے کہ ایسے مواقع پر سادگی اور مثال قائم کرنے کی ذمہ داری حکمرانوں پر زیادہ ہوتی ہے۔

تاہم سرکاری سطح پر شادی سے متعلق اخراجات یا “ڈالر لٹانے” کے حوالے سے کوئی تصدیق یا رد بیان سامنے نہیں آیا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی بحران کے دور میں اس طرح کی خبریں عوامی حساسیت کو مزید بڑھا دیتی ہیں، جس سے حکومت کو احتیاط اور شفافیت کی ضرورت ہوتی ہے۔شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے تک عوامی ردعمل میں اضافہ جاری ہے۔

Source link – https://dailyausaf.com/latest-news/2025/12/10/210604

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *